ضرورت رشتہ
( کوئی ڈیمانڈ نہیں )
شمیم بشیر اللہ
آج کل ہے رشتہ دختر عذاب ذہن و جاں
لڑکیاں سب کو نظر آتی ہیں اک کوہ گراں
ایک خوش خبری برائے سرپرست دختراں
عقد ثانی کے لیے تیار ہے ایک ’’نو جواں‘‘
اس جواں کی اب ذرا ’’ڈیمانڈ‘‘ بھی سن لیجئے
ایک لڑکی چاہیے کم عقل، کم سن ، کم زباں
کم سے کم بی ۔اے تو ہولڑ کی اگر ایم ۔اے نہیں
خوش سلیقہ، باہنر ہو، نرم دل ہو، مہرباں
کھانے انگریزی پکانے جانتی ہو لازمی
ہر فرنچ ، ہر چائنیز ، ڈش کی ہو ماہر جان جاں
کچھ نہیں غم گر نہ لاۓ ساتھ وہ زیادہ جہیز
ہاں مگر ہو نام اس کے، ایک عالی شاں مکاں
کار ہو، بے شک سوزوکی ، کار ہو پر کار ہو
اور اگر بے کار ہو، بے کار ہے شادی وہاں
اب ذرا تفصیل سے لڑکے کا بھی سن لیجئے
عمر ہے لڑکے کی ففٹی سکسٹی کے درمیاں
پہلی بیوی کوتھی ٹی۔ بی ، مر چکی ہے خیر سے
ہیں خدا کے فضل سے زندہ ابھی دو بیویاں
پانچ کم سن بیٹیاں بیٹے ہیں زیر پرورش
چھ جواں لڑکے ہیں ، جن کی ہوچکی ہیں شادیاں
رات دن خدمت گزاری کے لیے تیار ہو
کیوں کہ ہیں فالج زدہ ابا، ضعیف العمر ماں
یہ شرائط ہوں اگر منظور تو کیجیے رجوع
ورنہ یہ رشتہ بھی ہاتھوں سے نکل جائے گا ہاں
| ضرورت رشتہ از شمیم بشیراللہ|اردو مزاحیہ شاعری|Funny Poetry in Urdu |
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں